رونالڈو کا فٹبال کے بعد ٹی وی انڈسٹری میں قدم، پہلی سیریز کی پروڈکشن شروع

سیریز میں معروف اداکار ڈیمین لیوس فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے


ویب ڈیسک November 12, 2026

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان سے باہر ایک نیا سفر شروع کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی وی سیریز ’Day 1s‘ کی پروڈکشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

رونالڈو نے انسٹاگرام پر اس منصوبے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی ٹی وی سیریز کی تیاری شروع ہوگئی ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

’Day 1s‘فٹبال کی دنیا پر مبنی ایک ڈرامہ سیریز ہے جس میں ایک بڑے فٹبال ایجنسی کے کاروباری معاملات، طاقت کی کشمکش، معاہدوں اور باہمی تعلقات کو دکھایا جائے گا۔

سیریز میں معروف اداکار ڈیمین لیوس فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے جبکہ سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی اس منصوبے سے وابستہ ہیں۔ ہنری کی سیریز میں مختصر کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

یہ سیریز رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی قائم کردہ پروڈکشن کمپنی تیار کر رہی ہے جس کا آغاز 2025 میں کیا گیا تھا۔رونالڈو اس منصوبے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں اور توقع ہے کہ وہ پہلی مرتبہ کسی اسکرپٹڈ ڈرامے میں اداکاری بھی کریں گے۔