بھارت نے افغانستان کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، فائنل میں بھارت کا پاکستان سے ٹاکرا ہفتے کو ہوگا۔
عمان میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے، تاہم بھارتی ٹیم نے ہدف صرف 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں پاکستان نے حمزہ یوسف کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔