ایف آئی اے کی کراچی ائرپورٹ پر کارروائی، انسانی اسمگلنگ، جنسی استحصال میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

وزٹ ویزے کی آڑ میں مساج سینٹرز اور جنسی استحصال میں ملوث گروہ کے لیے ملازمت کرنے جا رہی تھی


ویب ڈیسک February 07, 2026
فوٹو: فائل

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے کی جس کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں ملوث منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے متحدہ عرب امارات جانے والی 2 خواتین سمیت 3 مسافروں کو روک لیا۔ مسافروں میں سمیرا، نوشین اسحاق اور جمشید اقبال شامل ہیں۔ مسافروں کی نشاندہی پر محمد عاصم اور نعمان نامی سہولتکاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

خاتون مسافر سمیرا وزٹ ویزے کی آڑ میں مساج سینٹرز اور جنسی استحصال میں ملوث گروہ کے لیے ملازمت کرنے جا رہی تھی۔

خاتون مسافر کو شمیلا نامی ملزمہ نے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے بھرتی کیا اور ماہانہ 1.5 لاکھ روپے تنخواہ کا وعدہ کیا۔ خاتون کو یو اے ای بھجوانے میں شمیلا کے دیگر ساتھی نوشین اشفاق اور اس کے شوہر جمشید اقبال شامل ہیں۔ نوشین اقبال اور جمشید اقبال اس سے قبل بھی متعدد خواتین کو یو اے ای بھجوانے میں سہولتکاری کر چکے ہیں۔

شمیلا کے کراچی کے علاقے اعظم ٹاؤن میں واقع فلیٹ سے متعدد شواہد اور موبائل فون برآمد کیے گئے جن میں واٹس ایپ چیٹس، تصاویر اور مالی لین دین کے ریکارڈ موجود ہیں۔

مسافروں کو محمد عاصم اور نعمان نامی ملزمان نے سفری انتظامات اور ٹرانسپورٹ میں سہولتکاری فراہم کی۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں