کراچی:
شہر قائد میں خواجہ اجمیر نگری پولیس نے جعلی سرکاری افسر کو گرفتار کر کے قبضے سے مختلف سرکاری اداروں کے جعلی سروس کارڈ ، اپوائمنٹ لیٹر اور دیگر دستاویزات برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری انسپکٹر فیض الحسن نے بتایا کہ پولیس نے دوران گشت سیکٹر تھری نارتھ کراچی رحمانیہ موڑ کے قریب پولیس وردی میں ملبوس ایک مشکوک شخص کو روکا تو اس نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا۔
ملزم کے ہاتھ میں ایک شاپر تھا جس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے مختلف سرکاری اداروں کے متعدد جعلی سروس کارڈ ، اپوائمنٹ لیٹر ، ڈرائیونگ لائسنس و دیگر دستاویزات تھیں ، پولیس نے ملزم اشرف علی قائم خانی عرف سلمان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا۔
ملزم کے خلاف سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لئے سی آئی سی ڈویژن نیو کراچی کے حوالے کردیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتار ملزم شیرشاہ تھانے کے مقدمہ الزام نمبر 258/2022 میں عدالت سے مفرور و اشتہاری بھی ہے۔
ذرائع کا کہنا کہ گرفتار ملزم درجنوں شہریوں سے فراڈ میں ملوث رہا ہے اور مختلف اداروں جن میں سر فہرست ( ایف بی آر شامل ہیں ) میں بھرتی کے نام معصوم شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرچکا ہے ۔ ملزم سلمان کے نام سے مشہور ہے ۔