پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 2-3 سے فتح حاصل کی۔
میزبان ٹیم نے ایک متنازعہ پنالٹی اسٹروک پر تیسرا گول کیا۔
آسٹریلیا نے پہلے کوارٹر کے دوسرے منٹ میں ٹیم برینڈ کے گول کے ذریعے سبقت پائی۔ آسٹریلیا کے لیے دوسرا گول انتیسویں منٹ میں ٹم برینڈ نے ہی کیا۔
ہاف ٹائم پر آسٹریلیا کو دو گول کی برتری حاصل تھی، تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے انچاسویں منٹ میں گیند کو جال میں پھینکا۔
پاکستان کا دوسرا گول سیفان خان نے تریپنویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر کیا۔
کھیل کے آخری لمحوں میں آسٹریلیا کو پنالٹی اسٹروک دیا گیا جس پر گور بلیک نے گول کرکے اپنی ٹیم کوکامیابی دلائی، میچ میں آسٹریلیا کو سات اور پاکستان کو تین پنالٹی کارنر ملے۔
پاکستانی گول کیپر علی رضا نے شاندار کھیل پیش کرکے مخالف ٹیم کے کئی یقینی گول ناکام بنائے۔
قومی ٹیم اب کل جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔