پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی تاریخ رقم ہوگئی۔
لاہور کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پلیئرز آکشن جاری ہے۔
پلیئرز آکشن میں 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں جس میں سے ہر ٹیم اپنا 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دے گی۔
ملتان سلطانز کی ٹیم اب نئے مالکان کے ساتھ ’راولپنڈی‘ کے نئے نام سے ایونٹ میں شریک ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پلیئرز آکشن کی تقریب میں آمد پر تمام فرنچائز مالکان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
محسن نقوی نے تمام فرنچائز مالکان کو قومی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی مارخور والی اسپیشل کسٹمائزڈ ٹی شرٹس بطور تحفہ پیش کیں۔
آکشن میں سب سے پہلے پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں حاصل کرلیا۔
سابق قومی آل راؤنڈر عماد وسیم، بنگلادیش کے مہدی حسن میراز، حسین طلعت، آصف آفریدی اور دانش عزیز کو خریدنے میں کسی فرنچائز نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ جنوبی افریقا کے رائیلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خرید لیا۔
پی ایس ایل میں نئی شامل ہونے والی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز نے جہانزیب سلطان کو 60 لاکھ روپے میں خریدا۔
پاکستان کے سعود شکیل اور کامران غلام، نیوزی لینڈ کے کولن منرو اور نیدرلیںڈز کے جارج منسی میں کسی فرنچائز نے دلچسپی نہیں دکھائی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ روپے میں نئی فرنچائز حیدرآباد نے خرید لیا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے لاہور قلندرز نے واپس حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کے کرس جارڈن اور پاکستانی فاسٹ بولرز محمد حسنین اور رومان رئیس کو کسی فرنچائز نے خریدنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
نسیم شاہ 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں راولپنڈی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان 3 کروڑ 25 لاکھ روپے میں کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔
پاکستان کے جارح مزاج آل راؤنڈر صاحبزادہ فرحان کو 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں سیالکوٹ اسٹالینز نے خرید لیا۔
بنگلادیش کے آف اسپنر رشاد حسین کو 3 کروڑ روپے میں راولپنڈی جبکہ پاکستان کے نوجوان اسپنر مہران ممتاز کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے اسلام آباد یونائیٹڈ نے حاصل کرلیا۔
پاکستان کے نوجوان اسپنر فیصل اکرم ایک کروڑ 25 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے۔
پاکستانی آل راؤنڈر عامر جمال کو ایک کروڑ 90 لاکھ روپے میں پشاور زلمی جبکہ ابھرتے ہوئے نوجوان اسپنر عرفات منہاس کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حاصل کرلیا۔
پاکستانی اسپنر اسامہ میر کو 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز جبکہ آل راؤنڈر جہانداد خان کو 2 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خرید لیا۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو 5 کروڑ 85 لاکھ روپے میں کراچی کنگز نے حاصل کرلیا۔
پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز نے واپس حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل مچل کو 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں راولپنڈی جبکہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے میکس برائنٹ کو ایک کروڑ 95 لاکھ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے خرید لیا۔
پاکستانی فاسٹ بولر خرم شہزاد کو 2 کروڑ 70 لاکھ روپے میں پشاور زلمی جبکہ محمد عامر کو 5 کروڑ 40 لاکھ روپے میں راولپنڈی نے حاصل کرلیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو 2 کروڑ 70 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز جبکہ کوشال پریرا کو 3 کروڑ 10 لاکھ روپے میں حیدرآباد نے خرید لیا۔
پاکستان کے جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں پشاور زلمی نے واپس حاصل کرلیا جبکہ خواجہ نافع کو 6 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خرید لیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے میں لاہور قلندرز نے حاصل کرلیا۔
کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہونے والے دوسرے راؤنڈ میں جمی نیشم اور مائیکل بریسویل جیسے کیوی کھلاڑیوں اور پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد میں کسی ٹیم نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد عزیز کو 92 لاکھ 50 ہزار روپے میں کراچی کنگز جبکہ محمد عرفان خان نیازی کو 2 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حیدرآباد کنگزمین نے حاصل کرلیا۔
قومی ٹیسٹ کپتان شان مسعود، حیدر علی، آصف علی اور شاہنواز دھانی میں کسی فرنچائز نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز عبداللہ فضل 67 لاکھ 50 ہزار روپے میں راولپنڈی جبکہ کیوی بلے باز مارک چیپمین 7 کروڑ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے۔
آسٹریلوی بلے باز ایشٹن ٹرنر کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے میں سیالکوٹ اسٹالینز جبکہ محمد وسیم جونیئر کو 4 کروڑ 10 لاکھ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حاصل کرلیا۔
پاکستانی فاسٹ بولر میر حمزہ کو 2 کروڑ 40 لاکھ روپے اور آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زیمپا کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کراچی کنگز نے خرید لیا۔