کراچی، نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین کو اغوا اور تاوان لینے والے ملزمان گرفتار، ماں، 3 بچے بازیاب

ملزمان نے خاتون کو تین بچوں سمیت اغوا کیا اور پھر شوہر سے تاوان لیا، پولیس نے شکایت پر فوری کارروائی کی


شاہ میر خان February 11, 2026

عزیز آباد پولیس نے خواتین کو جھانسہ دے کر اغوا کرنے والے 2 ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر کے خاتون اور 3 بچوں کو بازیاب کروالیا۔

ترجمان ویسٹ زون پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کے بروقت احکامات و فوری ایکشن پر عزیز آباد پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کاروائی کرتے ہوئے خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا  کرنے والے دو ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او شاہد تاج نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت طلحہ اور شان کے ناموں سے کی گئی ۔ ملزم طلحہ اس سے قبل قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار ہوچکا ہے اور گلزار ہجری کا رہائشی ہے جبکہ ملزم طلحہ لیاقت آباد کا رہائشی ہے۔

گرفتار ملزمان خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلاتے اور پھر ان کے اہل خانہ سے تاوان وصول کرتے تھے۔ ملزمان نے خاتون کو نوکری کے بہانے بلایا اور پھر تین چھوٹے بچوں سمیت اغوا کرکے شوہر سے تاوان وصول کیا۔

پولیس نے شوہر کی اطلاع پر فوری کاروائی کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور خاتون اور بچوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ گرفتار ملزمان سے تاوان میں استعمال موبائل فونز اور سمز بھی بر آمد کی گئیں۔ ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی پی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے عزیز آباد پولیس ٹیم کی بروقت، پیشہ ورانہ اور موثر کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا پولیس کا اولین فریضہ ہے اور اس نوعیت کے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائی جاری رہے گی۔

مقبول خبریں