پنجاب میں شدید بیمار اور لاعلاج شیروں کو پرسکون موت دے دی گئی

حکام کے مطابق یہ اقدام کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد کیا گیا


آصف محمود February 12, 2026

لاہور:

پنجاب میں شیروں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں پنجاب کے سرکاری چڑیا گھروں میں موجود شدید بیمار اور لاعلاج شیروں کو گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پرسکون موت دے دی گئی۔

حکام کے مطابق یہ اقدام کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجرز سینٹرل پنجاب مدثر حسن نے بتایا کہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 شیروں کو یوتهنائز کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ شیر طویل عرصے سے مختلف بیماریوں اور معذوری کا شکار تھے اور مسلسل تکلیف میں مبتلا تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بہاولپور چڑیا گھر، لاہور سفاری زو اور لاہور زو میں موجود بیمار اور لاعلاج شیروں کی کلنگ کی گئی۔ متعلقہ ویٹرنری ماہرین کی رائے اور طے شدہ قواعد کے مطابق یہ عمل مکمل کیا گیا۔

واضح رہے کہ 23 جنوری 2026 کو کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی نے پنجاب کے سرکاری چڑیا گھروں میں موجود شدید بیمار اور ناقابل علاج شیروں کو پرسکون موت دینے کے فیصلے کی منظوری دی تھی۔

اجلاس میں ایسے شیروں کی تفصیلات پیش کی گئی تھیں جو طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے اور جن کا علاج ممکن نہیں رہا تھا۔

کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قانون کے تحت نہ صرف بگ کیٹس بلکہ ایسے تمام جنگلی جانور، جو انسانوں یا دیگر جانوروں کے لیے ممکنہ خطرہ ہوں یا شدید تکلیف میں مبتلا ہوں، کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق پرسکون موت دی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب، پنجاب وائلڈ لائف نے سفاری پارک میں شیروں اور زرافوں کی ہلاکت کی خبر کو حقائق کے برعکس قرار دے دیا۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز چند نجی چینلز نے سفاری پارک میں شیروں اور زرافوں کی ہلاکت کی خبر نشر کی تھی، پنجاب وائلڈ لائف کے زیر انتظام مختلف چڑیا گھروں میں طویل عرصہ سے بیمار، لاعلاج اور معذور شیروں کو پرسکون موت دی گئی۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر کے مطابق چڑیا گھروں میں لاعلاج شیروں کو طبی بنیادوں پر عالمی پریکٹس اور مروجہ قوانین کے تحت پرسکون موت دی گئی، 9 لاعلاج شیروں کو پنجاب کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی اور ویٹرنری ماہرین کی سفارشات پر پرسکون موت دی گئی۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر نے واضح کیا کہ شیروں کی ہلاکت سے متعلق بعض میڈیا ہاؤسز میں چلنے والی خبریں حقائق کے برعکس ہیں، سفاری زو میں تمام زرافے مکمل صحت مند ہیں اور حالیہ عرصے میں کسی زرافے کی موت واقع نہیں ہوئی۔

مقبول خبریں