سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے جنوری 2026 کے دوران 3,881 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی۔ رجسٹرڈ ہونے والی ان نئی کمپنیوں میں 82 چین، امریکا، افغانستان، آسٹریلیا، ترکی، برطانیہ، پالاؤ، جنوبی افریقہ، البانیہ، ڈنمارک، جرمنی، ملائیشیا، جنوبی کوریا، اسپین اور یوکرین کے سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
ان رجسٹریشنز میں سے 99.9فیصد ایس ای سی پی کے eZfile سسٹم کے ذریعے آن لائن مکمل کی گئیں۔ نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 8.4 ارب روپے رہا، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2لاکھ 83ہزار 540 ہوگئی ہے۔
کارپوریٹ ڈھانچے کے لحاظ سے نجی لمیٹڈ کمپنیاں نئی رجسٹریشنز کا 59فیصد رہیں جبکہ سنگل ممبر کمپنیوں کا حصہ 38فیصد تھا۔ باقی ماندہ فیصد میں پبلک اَن لسٹڈ کمپنیاں، غیر منافع بخش تنظیمیں اور لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپس شامل ہیں۔
پنجاب میں 52فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ 1,998 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، اس کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں 19فیصد کے ساتھ 747، سندھ میں 15فیصد کے ساتھ 601، خیبر پختونخوا میں 9فیصد کے ساگھ 343، گلگت بلتستان میں 2فیصد کے ساتھ 127 اور بلوچستان میں 2فیصد کے ساتھ 65 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ شعبہ جاتی تجزیے کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبے سرفہرست رہے جہاں 729 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
اس کے بعد ٹریڈنگ کی 613، سروسز کی 494 اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ و کنسٹرکشن میں 347 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ دیگر شعبوں میں سیاحت و ٹرانسپورٹ کی 234، فوڈ اینڈ بیوریجز کے 183، تعلیم میں 145، مائننگ اینڈ کوارئنگ کی 100، مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ کی 95، کمیونیکیشنز کی 83، ٹیکسٹائل کی 77، کارپوریٹ زرعی فارمنگ کی 75، فارماسیوٹیکلز کی 65، ہیلتھ کیئر کی 62، انجینئرنگ کی 60، فیول اینڈ انرجی کی 55 اور آٹو و متعلقہ صنعتیں 45 شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 419 کمپنیاں مختلف دیگر شعبوں مثلاً کیمیکلز، کاسمیٹکس و ٹوائلٹریز، کیبلز و الیکٹریکل گڈز اور پیپر و بورڈ میں رجسٹرڈ کی گئیں۔