کراچی:
سائٹ سپرہائی وے اسکیم 33 نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈاکوؤں کی پراسرار فائرنگ سے نوجوان لڑکا جاں بحق ہوگیا تاہم نوجوان کا قتل معمہ اختیار کر گیا، سوسائٹی کی سیکیورٹی کو دیکھتے ہوئے گھر والوں کا بیان مشکوک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے کے علاقے میرٹھ سوسائٹی اسکیم 33 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 16 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے لڑکے کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت 16 سالہ ایان ولد عمران کے نام سے کی گئی، واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، مقتول ایان کو سامنے سے پیٹ میں ایک گولی لگی ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے موقع پر پہنچ گئے تھے، مزکورہ سوسائٹی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، ڈاکوؤں کا سوسائٹی میں اس طرح داخل ہونا اور پھر واردات کر کے وہاں سے نکلنا بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں۔
مقتول کے رشتے دار نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار شروع کر دی، ایان جو اپنے کمرے میں آن لائن اسٹڈی کرتے کرتے سو گیا تھا اس کی اچانک آنکھ کھل گئی جس پر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ایان ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کے گھر والوں نے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس کو بھی گھر والوں نے واقعے کی اطلاع نہیں دی تھی۔
پولیس خفیہ اطلاع پر موقع پر پہنچی تھی جبکہ گھر والوں نے پولیس کو بھی ڈکیتی کے دوران واقعہ پیش آنے کا بتایا ہے، تاہم پولیس معمہ سلجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔