فلم شعلے کے سیٹ سے اس کے کرداروں کی تہلکہ خیز اے آئی ویڈیو نے یادیں تازہ کردیں

اے آئی ویڈیو میں فلم کے کردار اپنے اداکاروں سے ملاقات کرتے اور سیلفی لیتے نظر آتے ہیں


ویب ڈیسک February 14, 2026
فلم شعلے کے کرداروں کی اپنے اداکاروں سے ملاقات کی اے آئی ویڈیو وائرل

بالی وڈ کی شہرۂ آفاق فلم شعلے دہائیاں گزر جانے کے باوجود اب تک مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے اور اس کے ڈائیلاگ تاحال زبان زد عام ہیں جسے اب اے آئی نے ایک نیا رنگ دیدیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونی والی مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ایک تخلیقی ویڈیو نے ماضی کی انمٹ یادوں ایک بار پھر تازہ دم کردیا۔ جسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔

اس وائرل اے آئی ویڈیو میں فلم کے یادگار کردار اپنے اصل اداکاروں سے ملتے اور سیلفیاں لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس جذباتی کلپ نے مداحوں کو ماضی کی حسین یادوں میں پہنچا دیا ہے۔

ویرو، بسنتی اور جے کی نئی ملاقات

ویڈیو میں شعلے کے مقبول کردار ویرو اپنے اصل اداکار دھرمیندر سے ملتے اور مسکراتے ہوئے سیلفی نظر آتے ہیں اور پھر اپنی بسنتی یعنی اداکارہ ہیمامالنی سے ملتے ہیں۔

یاد رہے کہ لیجنڈری اداکار دھرمیندر کا حال ہی میں انتقال ہوا۔ اس ویڈیو نے ان کے غم زدہ مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔

اسی طرح جے کا کردار اپنے حقیقی روپ یعنی آج کے امیتابھ بچن سے ملتا اور سیلفی لیتا نظر آتا ہے۔ جوانی اور بڑھاپے کا یہ حسین امتزاج بھی وقت کے بدلتے دھاروں کو اجاگر کرتا ہے۔

اسی طرح جیہ بچن جنھوں نے فلم میں رادھا کا کردار نبھایا تھا، بھی اپنے کم عمر عکس کے ساتھ دلکش مسکراہٹ میں دکھائی دیتی ہیں۔

ایک شاہکار کو یادگار خراجِ تحسین

1975 کی اس کلاسک فلم کے اداکاروں اور تخلیق کاروں کو نوجوانی اور ڈھلتی عمر کے روپ میں ایک ساتھ دکھا کر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں فلم کے مشہور مناظر کو موجودہ دور کی جھلک کے ساتھ اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی آنکھیں نم اور دل خوش ہو گئے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو صرف ٹیکنالوجی کا کمال نہیں بلکہ جذبات کی عکاسی کرتی وہ حقیقت ہے جس میں یادیں، فن اور وقت ایک ہی فریم میں سمٹ آئے ہیں۔

 

مقبول خبریں