ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں عمان کی ٹیم رواں ایونٹ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عامر کلیم 50 اور حماد مرزا 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عامر کلیم 44 سال اور 86 روز کی عمر میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔
آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے 3، میتھیو ہمفریز اور بیری میکارتھی نے 2، 2 جبکہ جارج ڈاکریل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ابتدائی اوورز میں بظاہر غلط نہیں لگا تھا۔
آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ 7.3 اوورز میں 64 رنز پر گر گئی تھی۔ ایک گیند بعد ہی ونایک شکلا نے 14 کے انفرادی اسکور پر لوکران ٹکر کا اسٹمپ مس کردیا۔
بعد ازاں لوکران ٹکر نے گیراتھ ڈیلانی کے ہمراہ 101 کی رنز کی جارحانہ شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکال دیا۔
گیراتھ ڈیلانی 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو لوکران ٹکر نے جارج ڈاکریل کے ہمراہ بھی 70 رنز کی شراکت بنا ڈالی۔
لوکران ٹکر 51 گیندوں پر 94 اور جارج ڈاکریل 9 گیندوں پر 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے۔
آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے جو رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعی اسکور ہے۔
یہ اس ایونٹ کا پانچواں 200 سے زائد رنز کا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں 5 مرتبہ 200 سے زائد رنز بنے تھے۔