کولمبو میں کرکٹ کا میدان جنگ سج گیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلہ آج ہوگا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں، سازگار کنڈیشنز میں اسپن ہتھیاروں سے ایک دوسرے کو قابو کرنے کی کوشش ہوگی۔
پاکستانی اسپنر عثمان طارق بھارتیوں کے اعصاب پر سوار ہیں، ناکام سائیڈ کے پاس بھی آخری میچ جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع ہوگا، میچ کیلیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، ٹیموں کے ساتھ سائے کی طرح اہلکار موجود ہوتے ہیں۔
تمام ٹکٹ پہلے ہی بک چکے تھے،اب بلیک میں فروخت جاری ہے، بڑی تعداد میں بھارتی اور پاکستانی شائقین کی دنیا بھر سے آمد نے سری لنکا کی ٹورزم کو مزید بڑھا دیا،ادھر آسمان پر سیاہ بادل بدستور ڈرانے کیلیے موجود ہیں۔
اتوار کو بارش کی پیشگوئی پہلے ہی ہو چکی،گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ میں روایتی حریفوں کا مقابلہ ہمیشہ ہی سب سے زیادہ خاص ہوتا ہے،البتہ اس بار پہلے پاکستان کی جانب سے منفی بھارتی رویے پر بائیکاٹ کے اعلان اور پھر بنگلہ دیش کو انصاف ملنے کے بعد آمادگی نے میچ میں دلچسپی مزید بڑھا دی۔
دونوں ٹیمیں اتوار کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ کھیلیں گی،گرین شرٹس اب عمدہ کھیل کیلیے پرعزم ہیں، اتوار کا میچ جو بھی ٹیم جیتی وہ سپر8 میں جگہ بنا لے گی،ناکام سائیڈ کے پاس بھی آخری میچ جیت کر پیش قدمی کا موقع ہوگا۔
کنڈیشنز سپن بولنگ کیلیے سازگار نظر آتی ہیں، منفرد ایکشن کے حامل پاکستانی سپنر عثمان طارق نے بھارتیوں کی نیندیں اڑائی ہوئی ہیں، ٹیم کو سلو بولنگ میں ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور صائم ایوب کا ساتھ بھی حاصل ہوگا۔
پیس اٹیک شاہین آفریدی اور فہیم اشرف سنبھالیں گے، فہیم کو گزشتہ میچ میں ٹیم مینجمنٹ نے گیند ہی نہیں تھمائی جبکہ شاہین اصل فارم میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں، پاور پلے میں بھارتی بیٹرز کو بڑا سکور بنانے سے روکنا ضروری ہوگا۔
جارح مزاج ابھیشیک شرما معدے کی تکلیف کے بعد تیزی سے روبصحت ہیں، وہ ٹیم کے ساتھ کولمبو آئے بھی ہیں، البتہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ کھلایا جائے یا نہیں۔
بھارتی بیٹرز ایشان کشن، تلک ورما اور سوریا کمار یادو اچھی فارم میں ہیں،ہردیک پانڈیا نے آل رائونڈر کے روپ میں خود کو منوا لیا ہے۔
پاکستانی بیٹنگ کا انحصار صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی جانب سے جارحانہ آغاز پر ہو گا، ون ڈائون پر سلمان علی آغا سے بھی بہترین کارکردگی کی توقعات ہیں، بابراعظم پر ٹیم کا سب سے زیادہ انحصار ہوگا، انھیں وکٹ بچانے کے ساتھ سکورنگ ریٹ پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔
آل رائونڈرز شاداب اور فہیم بیٹنگ میں صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے، البتہ دونوں میچز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے عثمان خان ٹیم کی کمی کڑی محسوس ہوتے ہیں۔
بھارتی ورون چکرورتی کی سپن بولنگ کو سمجھنا پاکستانی بیٹرز کا امتحان ہوگا،اکثر پٹیل بھی اچھے سپنر ہیں۔
ہائی وولٹیج میچ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، مسلح اہلکار سائے کی طرح دونوں ٹیموں کے ساتھ موجود ہیں،سکیورٹی کا دائرہ ہوٹل میں قیام، پریکٹس سیشنز اور میچ کے دن کی نقل و حرکت تک پھیلا ہوا ہے۔
مقابلے کا آغاز شام 7 بجے ہوگا کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے نے سری لنکا کی ٹورزم کو مزید بڑھا دیا ہے، دنیا بھر سے بڑی تعداد میں بھارتی اور پاکستانی شائقین کولمبو پہنچے ہیں، تمام ٹکٹس پہلے ہی بک ہو چکے تھے اور اب بلیک میں فروخت جاری ہے۔
ادھر آسمان پر سیاہ بادل بدستور ڈرانے کیلیے موجود ہیں، اتوار کو بارش کی پیشگوئی پہلے ہی ہو چکی، شائقین یہی دعا کر رہے ہیں کہ بادل نہ برسیں،گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، ان میں بھارت نے 12 میں کامیابی حاصل کی، 3 پاکستان نے جیتے،2007 کا ایک مشہور ‘‘بال آؤٹ’’ مقابلہ ٹائی ہوا تھا۔