ویلنٹائن ڈے؛ کار سے نوجوان جوڑے کی لاشیں پُراسرار حالت میں برآمد

لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے


ویب ڈیسک February 16, 2026
ویلنٹائن ڈے پر سڑک کنارے کھڑی گاڑی سے پریمی جوڑے کی لاشیں برآمد

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں ویلنٹائن ڈے کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہر کی مصروف ترین شاہراہ کے کنارے کھڑی ایک کار میں سے نوجوان جوڑے کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

ڈرائیونگ سیٹ پر لڑکا سیٹ بیلٹ لگائے تھا جب کہ ساتھ والی سیٹ پر لڑکی کی لاش تھی اور دونوں کے جسم سے خون بہہ رہا تھا۔

پولیس نے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں کی موت گولیاں لگنے سے ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس کے بقول ابتدائی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ نوجوان نے مبینہ طور پر پہلے اپنی گرل فرینڈ کو گولی مار کر قتل کیا اور پھر خود کو گولی مار اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ مقامی افراد نے کار میں سے فائرنگ کی آوازیں سن کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔

پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر علاقے کو سیل کیا گیا اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے۔ کار سے پستول اور گولیوں کے خول بھی برآمد ہوئے۔

پولیس کے بقول لڑکی کی شناخت 26 سالہ ریکھا اور لڑکے کی 32 سالہ سمتھ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی گمشدگی کی رپورٹ اہلِ خانہ نے گزشتہ روز ہی درج کرائی تھی۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ دونوں کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور دونوں کے خاندان بھی اس رشتے سے آگاہ تھے۔

پولیس نے بتایا کہ سمتھ نے واٹس ایپ پر ایک پیغام میں کہا کہ ریکھا نے پہلے شادی کا وعدہ کیا تھا لیکن اب کسی اور سے شادی کرنا چاہتی ہے۔

سمتھ نے واٹس ایپ پیغام میں مزید کہا کہ ریکھا کو کسی اور کی بھی نہیں ہونے دوں گا۔ اسے بھی ماردوں گا اور اپنی زندگی بھی ختم کردوں گا۔

تاہم سمتھ کے اہلِ خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ خودکشی نہیں بلکہ قتل بھی ہو سکتا ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق لڑکی کے خاندان کی جانب سے ذات پات کے معاملے پر طعنے دیے جاتے تھے اور بیرونِ ملک نمبروں سے دھمکی آمیز کالز بھی موصول ہوئی تھیں۔

اہلِ خانہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گاڑی سالارپور گاؤں کے قریب محض چند سو میٹر کے فاصلے پر ملی جو مشکوک ہے۔ دونوں کو ذات پات کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اہلِ خانہ کے الزامات سمیت تمام نکات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

مقبول خبریں