بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی امین الحق کو وزیر کھیل مقرر ہونے پر مبارکباد

 بنگلا دیش کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان کی مملکتی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل کے طور پر تقرری اہم پیش رفت ہے


محمد یوسف انجم February 17, 2026

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے امین الحق کو وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے وزیر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محمد امین الحق نے کھیلوں کے میدان میں اپنی قیادت اور کارکردگی سے ملک بھر میں شائقین اور نوجوان کھلاڑیوں کی ایک پوری نسل کو متاثر کیا۔

 بنگلا دیش کی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان کی قومی سطح پر کھیلوں کی انتظامیہ میں اہم عہدے پر تقرری کھیلوں سے وابستہ حلقوں کے لیے ایک اہم لمحہ ہے جو اس امر کا اعتراف ہے کہ اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے کا تجربہ قومی پالیسی سازی میں کس قدر اہمیت رکھتا ہے۔

بی سی بی کے صدر محمد امین الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد امین الحق جیسی ممتاز اسپورٹس شخصیت کی مملکتی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل کے طور پر تقرری بنگلا دیش کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قومی فٹبال ٹیم کی قیادت کرنے کے باعث وہ کھلاڑیوں کے مسائل، چیلنجز اور امنگوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایک اسپورٹس مین کے طور پر ان کا تجربہ مختلف کھیلوں کی ترقی پر مثبت اثر ڈالے گا۔

بی سی بی نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ نئے مملکتی وزیر اور وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے ساتھ مل کر ملک میں ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ اور مضبوطی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ بنگلا دیش بھر میں کھلاڑیوں کو ترقی اور مواقع میسر آ سکیں۔

 

مقبول خبریں