کراچی، لیاری لی مارکیٹ میں رکشہ گودام میں آگ، ریسکیو نے قابو پا لیا، ٹھیلے بھی متاثر

کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے، فائر بریگیڈ حکام


محمد شاہ میر خان February 20, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقے لیاری میں لی مارکیٹ کے قریب واقع رکشہ گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں رکشوں کی پارکنگ ایریا اور متعدد ٹھیلے آگ کی زد میں آگئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث رکشوں کی پارکنگ ایریا اور متعدد ٹھیلے متاثر ہوئے ہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں