ٹینکر سسٹم بند کرو اور لوگوں کو لائنوں سے پانی دو، سندھ ہائیکورٹ واٹر کارپوریشن پر برہم

ٹینکرز سے پانی مل رہا ہے تو لائن کے ذریعے کیوں نہیں دیا جا رہا؟، سخت فیصلہ جاری کرینگے، عدالت


کورٹ رپورٹر February 21, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ جب ٹینکرز کے ذریعے پورے کراچی میں پانی مل رہا ہے تو لائن کے ذریعے کیوں نہیں دیا جا رہا؟، ٹینکر سسٹم بند کرو، لوگوں کو لائنوں کے ذریعے پانی دو۔

سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ نے اورنگی ٹاؤن میں شہری کے گھر پر پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران کراچی واٹر کارپوریشن کے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس عدنان کریم میمن نے سپرینٹنڈنٹ کے ڈبلیو سی سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی نے تو کہا تھا ہم لائن کے ذریعے پانی فراہم کریں گے تو لوگوں کو پانی کیوں نہیں دے رہے؟، درخواست گزار کے گھر تک پانی پہنچائیں۔

واٹر کارپوریشن کے وکیل مسرور احمد نے عدالت میں بتایا کہ پرانی لائنیں ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی ہے جس پر جسٹس عدنان کریم نے کہا تو لائنیں بناؤ، کچھ خرچ عوام پر بھی کریں۔

سپرینٹنڈنٹ کے ڈبلیو سی نے عدالت میں بتایا کہ ہمیں پیچھے سے بھی پانی بہت کم مل رہا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ تو پھر ٹینکرز والوں کو پانی کہاں سے ملتا ہے؟ ٹینکرز والے تو پورے کراچی کو پانی پہنچا رہے ہیں، اس کا مطلب ہے پانی موجود ہے لیکن لائنوں کے ذریعے نہیں دے رہے۔

سپرینٹنڈنٹ کے ڈبلیو سی نے کہا کہ ٹینکرز والے غیر قانونی ہائیڈرنٹس سے بھی پانی لیتے ہیں، قانونی ہو یا غیر قانونی، شہریوں کو پانی گھروں تک ملنا چاہئے، ٹینکر سسٹم بند کرو اور لوگوں کو لائنوں کے ذریعے پانی دو، ہم اس درخواست پر سخت فیصلہ کریں گے۔

مقبول خبریں