شہر قائد کے علاقے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع پاپڑ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
عینی شاہد کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ مغرب کی اذانوں کے عین وقت پیش آیا جس کے بعد اندر موجود لوگ باہر آگئے، حادثے کے بعد ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا جبکہ پانی کی قلت کے باعث واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کی۔
سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کی اس کے علاوہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ ہوئے۔
ترجمان واٹربورڈ نے بتایا کہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں رہے جبکہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی ککی اور آگ پر قابو پانے کیلیے بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری رہی۔
فائر اسٹیشن کورنگی ظفر خان نے بتایا کہ یہ فیکٹری پاپڑ بنانے کی تھی، آگ بجھانے کیلیے آپریشن میں 6 فائر ٹینڈر حصہ لے رہے ہیں، بیرونی حصے پر قابو پالیا گیا بعد ازاں تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مکمل قابو پالیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں آئل ، پلاسٹک، گتا اور دیگر چیزیں تھیں، 7 بجے آگ لگی اور ابھی ہم نے آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ اندر موجود ملازمین پہلے ہی باہر نکل گئے تھے۔