الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان روک لیا

انتخابی نشان انٹرا پارٹی الیکشنز نہ کرانے اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر روکا گیا ہے


ویب ڈیسک March 03, 2026

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان روک لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا انتخابی نشان انٹرا پارٹی الیکشنز نہ کرانے اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر روکا گیا ہے۔

کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی، تاہم آئی پی پی کی جانب سے کوئی بھی نمائندہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔

دورانِ سماعت ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود شیروانی نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی پی پی اپنے آئین اور الیکشنز ایکٹ پر عمل نہیں کر رہی۔ پارٹی آئین کے تحت ہر 4 سال بعد آئی پی پی کے انٹرا پارٹی الیکشنز ہونا لازم ہیں جبکہ آئی پی پی کے انٹرا پارٹی الیکشنز جنوری 2026 میں ہونے تھے جو نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی پی پی سالانہ فنڈز اور اخراجات کی تفصیلات بھی جمع نہیں کرا رہی ، اس لیے استحکام پاکستان پارٹی کا نشان روک رکھا ہے۔ انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کو ڈی لسٹ کرنے کی سفارش بھی کی۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آئی پی پی کو نوٹس دیا گیا تھا جس پر ڈی جی پولیٹکل فنانس نے بتایا کہ نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔

مقبول خبریں