حکومت کی ’میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم‘ میں قرض کی رقم میں اضافے کا فیصلہ خوش آئند قرار

اسکیم میں قرض کی رقم میں اضافے کا فیصلہ قابلِ ستائش عوام دوست اقدام ہے، چیئرمین آباد محمد حسن بخشی


ویب ڈیسک March 03, 2026

آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے حکومت کی میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم میں قرض کی رقم میں اضافے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔

حسن بخشی کا کہنا ہے کہ میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم میں قرض کی رقم میں اضافے کا فیصلہ قابلِ ستائش اور عوام دوست اقدام ہے۔ ان کے مطابق ملک میں موجودہ تخمینوں کے مطابق تقریباً 14 ملین مکانات کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا قرض کی حد 10 ملین تک بڑھانا عوام کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ ایک کروڑ سے زائد افراد کا روزگار تعمیراتی صنعت سے جڑا ہے اور اسکیم کے ذریعے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

حسن بخشی کے مطابق تعمیراتی شعبہ جی ڈی پی میں 2.3 فیصد حصہ ڈالتا ہے جبکہ 72 صنعتیں اس شعبے سے منسلک ہیں۔ اگر پالیسی کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ ملکی جی ڈی پی میں 10 سے 12 گنا تک اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اس اسکیم سے اپنے گھر کا خواب دیکھنے والے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور یہ اقدام ملک میں رہائشی منصوبوں کی بڑھتی ہوئی طلب اور ہاؤسنگ مارکیٹ کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ہاؤسنگ فنانس میں یہ پیش رفت تعمیراتی شعبے اور معیشت کے لیے بھی خوش آئند ثابت ہوگی۔

مقبول خبریں