عوام پیٹرول اور گیس کا استعمال فوری طور پر 50 فیصد کم کردیں، وزیراعظم کے مشیر کا مشورہ

پی ٹی آئی سے ڈیل کسی صورت نہیں ہوگی، پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک March 21, 2026

لاہور:

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے عید کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام پیٹرول اور گیس کا استعمال فوری طور پر 50 فیصد تک کم کر دیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے کفایت شعاری نہ اپنائی تو عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے۔ پاکستان اس وقت کئی اہم اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت اس وقت درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر سرخرو ہو رہی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نہ تو جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی کسی ملک پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی زمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے نہ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن غضب للحق پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے ہے۔ ہم نے ایک مرتبہ صفایا کر دیا ہے، تاہم اب مزید ایسے ٹھکانوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔ ہم نے ایران پر جارحیت کی واضح مذمت کی اور مسلم ممالک پر حملوں کے خلاف بھی بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں کے پابند ہیں مگر کسی پر حملہ کرنا ضروری عمل نہیں ہے۔

پی ٹی آئی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات عدالتوں نے قائم کیے اور سزائیں دیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور دیگر کیسز کے فیصلے بالکل واضح ہیں۔

مشیر وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عوام احتجاج کی کال دینے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی ڈیل کے لیے تیار ہے مگر ہم کسی بھی صورت میں انہیں دوبارہ کوئی رعایت نہیں دیں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ، صوبے میں بلدیاتی الیکشن اب بہت جلد منعقد کیے جائیں گے۔

مقبول خبریں