وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطے میں اس وقت کشیدگی کا سامنا ہے، وزیراعظم نے اپنی پوری ٹیم کو اکٹھا کرکے کفایت شعاری کی، وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کے باعث اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آگے بند باندھا گیا، وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کومد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھا، حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام کو بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے مضبوط نظام قائم کریں گے، حکومت کمزور طبقے کا مضبوط سہارا بننا چاہتی ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے، ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے، اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے اضافہ روکاگیا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والےدنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔