سعودی عرب نے مشرقی صوبے کی جانب آنے والے 30 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا

سعودی حکام کے مطابق گزشتہ روز بھی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی


ویب ڈیسک March 24, 2026

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے مشرقی صوبے کی جانب آنے والے 30 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں ایران سے متعلق جاری کشیدگی 25ویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق گزشتہ روز بھی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جس دوران تین بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

دفاعی نظام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جبکہ باقی دو غیر آباد علاقوں میں گر گئے، جس سے کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اسی دوران مشرقی صوبے میں مزید 7 ڈرونز کو بھی مار گرایا گیا۔

سعودی عرب نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک اپنی سرزمین، فضائی حدود، شہریوں اور اہم تنصیبات کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

مقبول خبریں