فیڈرل بورڈ کے تحت ایران سمیت 4 خلیجی ممالک میں میٹرک امتحانات ملتوی

ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں قائم امتحانی مراکز پر میٹرک کے امتحانات فی الحال نہیں ہوں گے


ویب ڈیسک March 25, 2026

فیڈرل بورڈ نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایران سمیت چار خلیجی ممالک میں میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں قائم امتحانی مراکز پر میٹرک کے امتحانات فی الحال نہیں ہوں گے، جبکہ بیرونِ ملک دیگر تمام مراکز میں امتحانات پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

فیڈرل بورڈ کا کہنا ہے کہ چاروں ممالک کے اداروں کے لیے رول نمبر سلپس کا اجرا بھی روک دیا گیا ہے۔ متاثرہ طلبہ کو پاکستان یا کسی قریبی ملک میں امتحان دینے کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر بیرونِ ملک کسی امتحانی مرکز پر لاجسٹک مسائل پیش آئے تو متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔ فیصلے کا 15 دن بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

فیڈرل بورڈ کے مطابق اگر حالات معمول پر آ گئے تو باقی تمام پرچے پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے۔

مقبول خبریں