بھارت کی بلاگ بسٹر فلم ’آر آر آر‘ کے سپر اسٹار رام چرن اپنی نئی فلم ’پیڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے جس پر انہیں اسپتال لایا گیا تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رام چرن کی آنے والی فلم ’پیڈی‘ 30 اپریل 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اسپورٹس ایکشن ڈرامہ فلم کی ہدایت کاری بوچی بابو سانا کر رہے ہیں، اور اس وقت فلم کی شوٹنگ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے دوران اداکار زخمی ہو گئے تھے، رام چرن کو ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران آنکھ کے قریب چوٹ لگی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ 24 مارچ 2026 کو پیش آیا جب رام چرن ایک ایکشن سین فلمبند کر رہے تھے۔
ٹیم نے بتایا کہ انہیں چار ٹانکے لگے، تاہم چوٹ آنکھ کے اوپر تھی، آنکھ پر نہیں، ان کی آنکھ مکمل طور پر محفوظ ہے اور چوٹ معمولی نوعیت کی تھی، اس لیے تشویش کی کوئی بات نہیں۔
اداکار کی ٹیم نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب دوبارہ کام پر واپس آ کے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک دیہی پس منظر میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے گرد گھومتی ہے جب کہ فلم کی کاسٹ میں رام چرن کے ساتھ جاہنوی کپور، شیوا راج کمار، دویندو شرما، جگپتی بابو اور بومن ایرانی شامل ہیں۔
فلم کی موسیقی معروف موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے جب کہ حال ہی میں فلم کا گانا ’رائی رائی را را‘ بھی جاری کیا گیا، جس میں رام چرن کی انرجی سے بھرپور ڈانس پرفارمنس دیکھنے کو ملی۔