لندن:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 785 لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی، جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے پرواز کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر ہیتھرو ایئرپورٹ کو پاکستان اور برطانیہ کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔
اس سلسلے میں ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کا کیک کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے اس پرواز کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی پرواز پاکستانیوں کی دل کی آواز ہے اور اسے مزید وسعت ملنی چاہیے۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ ہمارا سات دہائیوں پر محیط تعلق ہے، ہم اسے تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، آج ہمارا پرانا دوست واپس آ گیا ہے۔
دریں اثنا پی آئی اے نے چھ سال بعد لاہور سے بھی لندن کے لیے براہِ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے برطانوی فضائی آپریشن کی وسعت کی جانب یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ لاہور ائیرپورٹ سے پرواز پی کے 757 تین سو بیس مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔
اس موقع پر لاہور ائیرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیک کاٹا گیا اور مسافروں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔