روس کا فوجی طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ، 29 افراد ہلاک

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا


ویب ڈیسک April 01, 2026

روس کا این 26 فوجی طیارہ کریمیا میں خوفناک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام 29 افراد ہلاک ہوگئے۔

روسی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب روسی فوج کا ٹرانسپورٹ طیارہ اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا اور بعد ازاں ایک پہاڑی چٹان سے ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 23 مسافر اور 6 عملے کے ارکان شامل تھے۔

روسی وزارتِ دفاع کے حوالے سے خبر ایجنسیوں نے بتایا کہ طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد تلاش شروع کی گئی جس کے بعد ملبہ کریمیا کے پہاڑی علاقے میں ملا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جائے حادثہ سے ملنے والی معلومات میں بتایا گیا کہ طیارہ سیدھا چٹان سے ٹکرایا جبکہ ایک اور میڈیا نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔