30 دن میں ایران کے خلیجی ممالک پر 5200 میزائیل حملے، حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

سعودی دفاعی نظام نے گزشتہ ایک ماہ میں ایران کی جانب سے داغے گئے 57 میزائلوں اور 1006 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا


ویب ڈیسک April 01, 2026

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے گزشتہ 30 دنوں کے دوران خلیجی ممالک پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں، جن کی مجموعی تعداد 5 ہزار 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان حملوں میں بیلسٹک میزائلز، ڈرونز اور بعض مقامات پر جنگی طیارے بھی استعمال کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عربیہ کے دفاعی نظام نے گزشتہ ایک ماہ میں ایران کی جانب سے داغے گئے 57 میزائلوں اور 1006 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس سے بڑے جانی و مالی نقصان کو روکا گیا۔

اسی دوران کویت بھی ایرانی حملوں کا نشانہ بنا، جہاں 309 بیلسٹک میزائلوں اور 616 ڈرونز سے حملے کیے گئے۔ قطر پر بھی ایران نے 206 میزائل، 90 ڈرونز اور 2 جنگی طیاروں کے ذریعے حملے کیے۔

بحرین کے حکام کے مطابق انہوں نے ایک ماہ کے دوران ایران کے 174 میزائل اور 391 ڈرون مار گرائے۔ اسی طرح امارات پر 413 میزائلوں اور 1914 ڈرونز سے حملے کیے گئے، جنہیں دفاعی نظام نے بڑی حد تک ناکام بنایا۔

عرب میڈیا کے مطابق عمان بھی اس کشیدگی سے محفوظ نہ رہ سکا، جہاں ایران کی جانب سے 19 ڈرون حملے کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ آبنائے ہرمز کو کھولے بغیر ہی اس کشیدگی اور ممکنہ جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔

ماہرین کے مطابق خلیجی خطے میں اس بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے، اور اگر صورتحال کو قابو نہ کیا گیا تو اس کے اثرات عالمی معیشت اور تیل کی سپلائی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔