راولپنڈی:
تھانہ روات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر وین میں 2 بچوں کی ماں سے زیادتی میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈیوٹی جج نے ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا، ایک ملزم تاحال مفرور اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، ڈیوٹی جج غلام محمد سرفراز نے جسمانی ریمانڈ دیا۔
عدالت نے ملزمان عقیل اور سلطان وغیرہ کو 6 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، پولیس نے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا عدالت نے پانچ دن کا منظور کیا۔
گرفتار افراد میں مسافر وین کا ڈرائیور، کنڈیکٹر اور ان کا ایک ساتھی شامل ہیں۔ مدعیہ مقدمہ کے مطابق ملزمان نے 2 بچوں کی ماں کو اس کی ساس اور نند کی ایما پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شاپنگ کے لیے جانے والی خاتون کو گاڑی میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر روات پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا اور ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلیجنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران متاثرہ خاتون کا میڈیکل پراسس بھی کروایا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی (وین) کو تحویل میں لے لیا گیا ہےمزید برآں متاثرہ خاتون کی ساس اور نند کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، جن سے مقدمے کو اصل حقائق پر یکسو کیا جائے گا۔
ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔