لاہور: 16 سالہ نوجوان تشدد کے بعد قتل، مرکزی ملزم گرفتار

واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، پولیس


ویب ڈیسک April 01, 2026

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں 16 سالہ لڑکے کو تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔

اقبال ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سلطان بھٹی کو گرفتار کرلیا، ملزم کو مختلف مقامات پر چھاپوں اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کے مطابق ملزمان نے 16 سالہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا تھا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کو ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا تھا۔ 

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔