وزیرِ اعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات پر حکومتی سبسڈی کے نفاذ سے متعلق اہم اجلاس

مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے، عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے، شہباز شریف


ویب ڈیسک April 05, 2026

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس کو سبسڈی کی فراہمی پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے، سبسڈی کی رقوم کی فراہمی کی فی الفور ہدایت کی جس کا آغاز  گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔

جو سبسڈی پیر کے دن سے فراہم کی جانی تھی، اس کا وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر،  ہفتے کوچھٹی والے،  دن آغاز ہوچکا ہے، اس سبسڈی کو مہیا کرنے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرک، بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو فراہم کی گئیں۔ 

وزیراعظم  نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے طے شدہ  رقم جمع کرا دی گئی ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا  اور کا کہ امید ہے کہ باقی صوبے بھی اس پیکج کے لئے  جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے، گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا، مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر  کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا، پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے جس کی بدولت مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے.

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے، عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں، اجلاس کو انٹیلیجینس بیورو کی جانب سے حکومتی کفایت شعاری و سادگی اقدامات کے نفاذ پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طلحہ برکی، طارق باجوہ، ڈی جی آئی بی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔