خیبر پختونخوا میں پیٹرول سبسڈی کیلیے احساس فیول سپورٹ اسکیم کا آغاز

رجسٹرڈ صارفین کو 2000 روپے ماہانہ فیول سپورٹ دی جائے گی


ویب ڈیسک April 05, 2026

پشاور:

خیبر پختون خوا حکومت نے پیٹرول سبسڈی کے لیے احساس فیول سپورٹ اسکیم کا آغاز کر دیا۔

اسکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشا مالکان کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی، رجسٹرڈ صارفین کو 2000 روپے ماہانہ فیول سپورٹ دی جائے گی۔

موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشا درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، رجسٹریشن ٹرانسفر مکمل ہو اور غیر رجسٹرڈ یا دوسرے کے نام پر گاڑی اہل نہیں ہوگی۔ رجسٹریشن کا عمل کل 6 اپریل سے شروع ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ دستک ایپ کے ذریعے احساس فیول سپورٹ پروگرام کے لیے آسان اور شفاف نظام متعارف کرایا گیا ہے، مستحق افراد "دستک ایپ" کے ذریعے رجسٹریشن کے ذریعے صوبائی حکومت کے اس اقدام سے مستفید ہو سکتے ہیں، یہ پروگرام عام آدمی کو سہارا دینے میں مددگار ثابت ہوگا، احساس فیول سپورٹ پروگرام عوامی فلاح کا مثالی اقدام ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ مستحق اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت کی عوام دوست اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا، وفاقی حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں سے غریب افراد متاثر ہورہے ہیں، صوبائی حکومت غریب طبقے پر بوجھ کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہیں۔