پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا نام فخر سے بلند کردیا

ملائیشیا میں ہونے والی انٹرنیشنل جونیئر اوپن چیمپئن شپ میں ماہ نور علی نے گولڈ اور سحرش علی نے برانز میڈل جیت لیا


زبیر نذیر خان April 05, 2026

پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا عالمی سطح پر نام فخر سے بلند کر دیا۔

ماہ نور علی نے ملائیشیا میں ہونے والی انٹرنیشنل جونیئر اوپن چیمپئن شپ 2026 جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا، ماہ نور علی کی چھوٹی بہن سحرش علی نے برانز میڈل جیت لیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایشین جونیئر سپر سیریز کی چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 15 ایونٹ کے فائنل میں ماہ نور علی نے ملائشیا کی محمد خیرالنظام میسرہ کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، فائنل میں ماہ نور نے پہلا گیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10-12 سے جیتا۔

دوسرا گیم بھی سخت جدوجہد کے بعد 11-13 سے جیتنے والی ماہ نور علی تیسرے گیم میں 11-6 سے مات کھا گئیں لیکن چوتھے گیم میں ماہ نور علی نے اپنی حریف کو بآسانی 7-11 سے قابو کر کے ٹائٹل پر قبضہ جما لیا، سیمی فائنل میں مات کھا جانے والی ماہ نور علی کی چھوٹی بہن سحرش علی نے تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کے لیے برانز میڈل جیت لیا۔