پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی دمام سے کراچی آنے والی پرواز شدید تاخیر اور منسوخی کے باعث مسافروں کے لیے عذاب بن گئی۔ ذرائع کے مطابق پرواز نمبر پی کے 242 کے مسافر گزشتہ 16 گھنٹوں سے کنگ فہد ایئرپورٹ پر روانگی کے منتظر ہیں۔
رات 7 بجے روانہ ہونے والی پرواز کو کراچی رات 11 بج کر 40 منٹ پر پہنچنا تھا، تاہم کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد پرواز کو علی الصبح 3 بجے منسوخ کر دیا گیا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ بار بار وقت تبدیل کرنے کے بعد پی آئی اے کا عملہ انہیں ایئرپورٹ پر چھوڑ کر غائب ہو گیا۔ امیگریشن مکمل ہونے کے باعث درجنوں مسافر ایئرپورٹ لاؤنج میں محصور ہو کر رہ گئے۔
متاثرہ مسافروں کے مطابق ایئرلائن کی جانب سے کھانے پینے یا کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مسافروں نے رات کرسیوں اور فرش پر گزارنے پر مجبور ہونے کی شکایت کی ہے۔
صبح ہونے کے باوجود پی آئی اے کا عملہ مسافروں سے رابطے میں نہیں آیا جبکہ نئی روانگی کے وقت سے متعلق بھی کوئی واضح اطلاع فراہم نہیں کی جا رہی۔