لاہور: ادھار کی رقم سے بچنے کے لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گجر پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جھوٹی واردات کی اطلاع دینے والے ملزم کو حراست میں لیا۔ ملزم نے پنجاب پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے دعویٰ کیا تھا کہ اس سے گن پوائنٹ پر 22 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے قرض سے بچنے کے لیے یہ سارا ڈرامہ رچایا تھا اور کسی قسم کی ڈکیتی پیش نہیں آئی۔ بعد ازاں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ اس کی بیان کردہ کہانی من گھڑت تھی۔
پولیس نے ملزم حمزہ کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس موقع پر ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی کالز اور افواہوں سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔