پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے کرکٹر بلیسنگ مزارابانی کو فوری طور پر اگلے دو ایڈیشنز میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل میں کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصلہ پی ایس ایل کے معاہدے کے لیے متفقہ وعدوں کا احترام کرنے میں ناکامی پر کیا۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد کی بنیاد اور معاہدوں کی یقین دہانی پر چلتی ہے، مذکورہ کرکٹر نے ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔
ضروری شرائط بشمول معاوضے اور ڈھانچے پر تحریری خط و کتابت کے ذریعے اتفاق کے بعد اس کی پابندی کرنا ذمہ داری بن جاتی ہے، چنانچہ درست وجہ کے بغیر اس طرح کے وعدوں سے ہٹنے کی کوشش متضاد ذمہ داریوں اور نیک نیتی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اخلاقی فریم ورک پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ دو سال کی پابندی خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔
زمبابوین کرکٹر نے پی سی بی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی جس پر قانونی ایکشن لیا گیا۔
رواں سیزن میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرنے پر رضامندی کے باوجود 29 سالہ بولر مزاربانی نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ سال جنوبی افریقا کے کرکٹر کوربن بوش کے خلاف بھی معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی تھی۔