لاہور: کار کی ٹکر سے کمسن بچے کی ہلاکت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک April 14, 2026

لاہور کے علاقے ڈیفنس بی الفلاح ٹاؤن میں کار کی ٹکر سے کمسن بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گاڑی مناسب رفتار سے جارہی ہے اسی دوران گھر کے باہر کھیلنے والا بچہ بھاگتے ہوئے آکر گاڑی سے ٹکرا کر گرجاتا ہے اور ٹائروں کے نیچے آکر شدید زخمی ہوجاتا ہے۔

واقعے کے بعد ڈرائیور کو موبائل فون پر کسی کو اطلاع دیتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت معتصم کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی کینٹ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا 3 سالہ عبدالہادی گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔