ملک بھر میں 8 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری اذیت میں مبتلا

ملک میں بجلی کی طلب اور پیداوار میں بڑا فرق، شارٹ فال 6500 میگاواٹ تک پہنچ گیا، ذرائع


ویب ڈیسک April 15, 2026

ملک بھر میں 8 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی میں شدید اذیت اٹھانا پڑ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 15 ہزار 400 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب 22 ہزار میگا واٹ تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں پن بجلی ایک ہزار 500 میگا واٹ فراہم کر رہی ہے جب کہ تھرمل ذرائع سے 9 ہزار 250 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

اسی طرح سولر پاور پلانٹس 400 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور بیگاس سے بجلی کی پیداوار 200 میگا واٹ تک ہے۔

علاوہ ازیں ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 200 میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے جب کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار 850 میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے باوجود ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ برقرار ہے۔