الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مردان میں 28 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

جوڑوں کو مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے مالیت کے گھریلو سامان پر مشتمل شادی کے تحائف بھی فراہم کیے گئے


ویب ڈیسک April 15, 2026

پشاور: الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے تحت مردان کے مقامی شادی ہال میں 28 مستحق اور یتیم جوڑوں کی شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں صوبہ خیبرپختونخوا کے چار اضلاع چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان  سے تعلق رکھنے والے 28 مستحق اور یتیم جوڑوں کو مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے مالیت کے گھریلو سامان پر مشتمل شادی کے تخائف فراہم کیے گئے۔

اجتماعی رخصتی کی اس تقریب میں فی جوڑا ایک لاکھ روپے مالیت سے زائد کے تحائف دیے گئے جن میں واشنگ مشین، پیڈسٹل فین، کراکری، ڈنر، ٹی وی، واٹر کولر، باتھ روم سیٹ، کمبل، رضائیاں، ونٹر پیکج، کپڑے جوتے اور روز مرہ گھریلو استعمال کی دیگر 18 اشیاء شامل تھیں۔

اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی نائب صدر تاج الملوک اور جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر غلام رسول مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں الخدمت فاونڈیشن صوابی کے صدر اخترجاوید اور ضلع مردان کے صدر ڈاکٹر ارشد احمد سمیت دیگر معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں 28 جوڑوں کے عزیزوں کے لئے  ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔