ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 5 ہزار 726 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بجلی کی پیداوار 14 ہزار 274 میگاواٹ اور طلب 20 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔
پاور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 1 ہزار 530 میگاواٹ، تھرمل 7 ہزار 814 میگاواٹ، سولر سے 450 میگاواٹ اور ونڈ انرجی سے ایک ہزار 490 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
اسی طرح نیوکلیئر پاور پلانٹس 2 ہزار 890 میگاواٹ جبکہ بگاس پاور پلانٹس 100 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر رہے ہیں، تاہم پیداوار اور طلب کے درمیان بڑا فرق برقرار رہنے کے باعث مختلف علاقوں میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
پاور ڈویژن کے لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عملدرآمد نہ ہوسکا، لاہور سمیت لیسکو ریجن میں رات بھر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
ذزرائع نے کہا کہ لیسکو کی رات میں طلب 29سو سے 3 ہزار میگاواٹ تک رہی، لیسکو کا شارٹ فال شام میں اوسط 850 سے 900 میگاواٹ تک ہے، شہر میں 3 سے 4 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد رہی۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان