پاکستان کے پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں ، اگر محسوس کیا تو عالمی کپ 2027 کے حوالے سے ضرور سوچوں گا،پی ایس ایل سے کھلاڑی کی شناخت ہوتی ہے لیکن پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے ڈومیسٹک سطح پر کھیلنا ضروری ہے۔
پی ایس ایل 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شکست کے بعد کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے سلمان علی آغا نے کہا کہ میچ میں ہماری ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی، پاور پلے میں بھی اچھا نہیں کھیل پائے، اگلے میچز جیت کر فائنل فور میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ون ڈے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر قومی ٹیم میں آنے والے کھلاڑیوں کو بیرون ملک جا کر دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے،لیگ سے کھلاڑیوں کی شناخت ضرور ہوتی ہے لیکن پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر کرکٹ کھیل کر پاکستان ٹیم میں آنا چاہیے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ عالمی کپ اور پی ایس ایل میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں، پرفارمنس کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں،اگلا عالمی کپ اہم ہوگا،اگر میں نے محسوس کیا تو وقفہ لینے کی کوشش کروں گا یا میگا ایونٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کروں گا۔