لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں ٹرالر کی ٹکر سے 2 نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی پیٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت 18 سالہ دانش جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوئی تاہم عمر 20 سال کے قریب ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو حکام نے متوفین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
اُدھر ایس ایچ او شرافی گوٹھ نے بتایا کہ مانسہر کالونی پیٹرول پمپ کے قریب حادثہ ٹریلر کی ٹکر سے پیش آیا ہے، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کلینر اور منشی کو حراست میں لیکر ٹریلر قبضے میں لے لیا۔