سندھ حکومت کا کراچی اور سکھر کے بعد ایک اور شہر میں پنک اسکوٹیز مفت تقسیم کرنے کا اعلان

صوبائی حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جو براہ راست عوام، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچائیں، شرجیل میمن


ویب ڈیسک April 18, 2026
(فوٹو: انٹرنیٹ)

کراچی:

کراچی: سندھ  حکومت نے کراچی اور سکھر کے بعد اب حیدرآباد میں بھی پنک اسکوٹیز جلد تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سکھر میں کامیاب آغاز کے بعد اب حیدرآباد کی خواتین میں بھی پنک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کو نہ صرف مفت اسکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ انہیں ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور باقاعدہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار اور خوداعتماد بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے تحت مختلف منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی جلد پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، جبکہ حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی اس سروس کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو سستی، بہترین اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ سندھ حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جو براہ راست عام آدمی، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچائیں۔