نیوکراچی میں بھتہ خوری میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ملزمان بھتہ خورصمد کاٹھیاواڑی اوراسامہ بن جمیل کے کہنے پر کام کرتے تھے


ویب ڈیسک April 19, 2026
فوٹو: فائل

سندھ رینجرز نے نیوکراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرزنے خفیہ معلومات کی بنیاد پرنیوکراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 3 ملزمان حماد پٹنی ولد رفیق،شہزاد پٹنی ولد غلام حسین اورسعد ولد رمضانی کوگرفتارکرلیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتارملزمان کا تعلق صمد کاٹھیاواڑی گروہ سے ہے۔ گرفتارملزمان بھتہ وصولی کرنے کے ساتھ ساتھ بھتہ وصولی کے لیے اکاؤنٹ نمبربھی فراہم کرتے تھے اوروصول شدہ رقم کو نکال کرصمد کاٹھیاواڑی گروہ کے کارندوں تک پہنچاتے تھے۔

گرفتار ملزمان بھتہ خورصمد کاٹھیاواڑی اوراسامہ بن جمیل کے کہنے پر کام کرتے تھے جو کہ بدنام زمانہ وصیع اللہ لاکھو گینگ سے منسلک ہیں۔

گرفتار ملزمان کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے ایس آئی یو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔