عوام کو انصاف نہیں مل رہا، عید کے بعد بڑی کال دیں گے، حافظ نعیم

سیاسی جماعتوں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل مسئلہ پورے سسٹم کو بدلنے کا ہے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک April 19, 2026

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ عید کے بعد ملک میں بڑی کال دینگے، موجودہ عدالتی نظام عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو رہا ہے۔ 

پشاور میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی محض تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل مسئلہ پورے سسٹم کو بدلنے کا ہے۔ موجودہ سیاسی جماعتوں میں صرف اے ٹی ایم مشینوں کی قدر ہے اور جو لوگ صرف سیٹوں کے لیے سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں چلے جائیں، جبکہ نظام بدلنے کے خواہشمند افراد جماعت اسلامی کا حصہ بنیں۔

انہوں نے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کو مزید طاقت دینے کا کوئی فائدہ نہیں اور اے سی اور ڈی سی کو فنڈز دینے کا نظام قابل قبول نہیں، چند افراد کی اجارہ داری ختم ہونی چاہیے۔ پاکستان میں تعلیم کا بحران سنگین ہے، پنجاب میں ایک کروڑ جبکہ خیبرپختونخوا میں پچاس لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ امریکہ کبھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہو سکتا تاہم ثالثی کا عمل ضرور ہونا چاہئے۔ 2001 میں پاکستان نے امریکہ کا ساتھ دیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے امن کے لیے کردار ادا کیا ہے جس کو سراہا جانا چاہیے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ خوار ہو چکے ہیں اور ان سے قربتیں بڑھانے کی بجائے باوقار خارجہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی کوششیں درست سمت میں ہیں، ایران نے آبنائے ہرمز کھول دی ہے جبکہ امریکہ نے اپنی ناکہ بندی ختم نہیں کی۔ ان کے مطابق جنگ کے دوران پچھلے چھ ہفتوں میں حکومت نے 180 ارب روپے وصول کیے اور پیٹرول لیوی کے ذریعے بھی اربوں روپے اکٹھے کیے گئے۔ انہوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی مظالم اور ٹرمپ کے خلاف کوئی واضح مؤقف نہیں اپنایا۔