8 روز سے لاپتا تاجر کی لاش مل گئی، قتل میں کزن ملوث نکلا

قتل میں ملوث کزن اور دو ملزمان گرفتار، دو سے تین ملزمان کی تلاش جاری


ویب ڈیسک April 19, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

8 روز سے لاپتا ایف بی ایریا کے تاجر کی لاش مل گئی، قتل میں کوئی غیر نہیں بلکہ مقتول کا اپنا کزن ملوث نکلا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی ایریا کا تاجر لاپتا ہوا تھا جو کہ لیبارٹری مشینیں فروخت کرنے کا کام کرتا تھا، لاپتا ہونے پر اس کے بیٹے روحان خان کی مدعیت میں باپ کے اغوا کا مقدمہ 13 اپریل کو جوہر آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقدمہ کے بعد مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی،شواہد ملے کے مغوی 11 اپریل کی شام اپنے کزن فیصل کے ساتھ گاڑی میں سوار ہوکر روانہ ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق شک کی بنیاد پر ملزم سید فیصل کریم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی،پوچھ گچھ کے دوران حقائق سے پردہ اٹھ گیا،فیصل نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ریحان کو منصوبہ بندی کے تحت اپنے ساتھ لے گیا تھا، فیصل نے ریحان احمد کو ملزم ضیا اللہ عرف نجیب عرف حیدر کے حوالے کیا۔

ملزم فیصل کریم نے بتایا کہ ملزم ضیا کے ہمراہ تین سے چار ساتھی اور بھی فلیٹ میں موجود تھے، ملزمان نے ریحان کو تشدد کرنے کے بعد فلیٹ میں بند کردیا، ملزم ضیا اللہ نے مجھے سہراب گوٹھ پل پر چھوڑ دیا اور میں اپنے گھر نیو کراچی چلا گیا۔

بعدازاں ملزم فیصل نے پولیس کو اس فلیٹ کی نشاندہی کی، پولیس فلیٹ پر گئی تو ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع بند فلیٹ سے ریحان کی لاش ملی، تمام واقعاتی شواہد جمع کرلیے گئے، لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔

پولیس کے مطابق اغوا اور قتل میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،  2 سے 3 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔