امریکا نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا، ایران اسے کھولنا چاہتا ہے؛ ٹرمپ کا دعویٰ

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران محض اپنی ساکھ بچانے کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش کی بات کررہا ہے


ویب ڈیسک April 22, 2026

امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور ایران دراصل اسے کھولنا چاہتا ہے تاکہ یومیہ کروڑوں ڈالر کی آمدنی دوبارہ حاصل کی جا سکے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے تازہ بیان میں ٹرمپ نے کہا  کہ ایران آبنائے ہرمز کو بند نہیں کرنا چاہتا بلکہ اسے کھلا رکھنا چاہتا ہے، کیونکہ اس آبی گزرگاہ سے وہ روزانہ تقریباً 500 ملین ڈالر کماتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران محض اپنی ساکھ بچانے کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش کی بات کررہا ہے جبکہ حقیقت میں امریکا نے اس اہم بحری گزرگاہ کو مکمل طور پر بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل بعض افراد نے مجھ سے رابطہ کر کے بتایا کہ ایران فوری طور پر آبنائے کو کھولنا چاہتا ہے۔

امریکی صدر نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز کو کھولا گیا تو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی گنجائش نہیں رہے گی، جب تک کہ ہم ان کی قیادت سمیت پورے ملک کو تباہ نہ کر دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا تاہم آبنائے ہرمز میں فوج کو امریکی ناکہ بندی جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔