پاکستانی فری لانسرز کا عالمی مارکیٹ میں بڑھتا کردار، زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ

گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی میں 567 ملین ڈالرز کے مقابلے میں 289 ملین ڈالرز اضافہ ریکارڈ کیا گیا


ویب ڈیسک April 22, 2026

ایس آئی ایف سی کے مؤثر اصلاحاتی اقدامات اور پالیسی تسلسل سے آئی ٹی شعبہ مسلسل ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

پاکستانی فری لانسرز نے مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی تک 856 ملین ڈالرز کما کر زرمبادلہ آمدن میں 50 فیصد اضافہ کیا۔ گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی میں 567 ملین ڈالرز کے مقابلے میں 289 ملین ڈالرز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن ابراہیم امین کے مطابق ہر ماہ سرکاری اور غیر سرکاری تربیتی پروگرامز سے ہزاروں افراد فری لانسنگ مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں۔ وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ایس آئی ایف سی فری لانسنگ کے لیے سازگار ماحول فراہم  کر رہے ہیں۔

سابق چیئرمین پاکستان سافٹ وئیر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) زوہیب خان کے مطابق ایس آئی ایف سی کے قیام کے بعد 3 سال میں پاکستان کے آئی ٹی شعبہ میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔

زوہیب خان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے حالیہ اقدامات آئی ٹی ایکسپورٹرز، فری لانسرز اور اسٹارٹ اَپس کے لیے سہولت کا باعث بنے ہیں۔ ایس آئی ایف سی کے تحت پالیسی تسلسل کے باعث آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔