وزیراعظم کی آئندہ سرکاری استعمال کےلیے صرف الیکٹرک بسیں، موٹر سائیکلیں خریدنے کی ہدایت

انرجی سیکیورٹی اب قومی منصوبہ بندی کا ایک کلیدی حصہ بن چکی ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک April 23, 2026

شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی توانائی ضروریات، بچت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انرجی سیکیورٹی اب قومی منصوبہ بندی کا ایک کلیدی حصہ بن چکی ہے اور موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود بروقت اقدامات کے باعث ملک کو توانائی بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر کے قیام پر کام تیز کیا جائے۔

اجلاس میں توانائی کی بچت اور پائیدار ترقی کے لیے ماحول دوست برقی ذرائع آمد و رفت کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ آئندہ سرکاری استعمال کے لیے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں اور ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو تیز کیا جائے۔

مزید برآں، شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کو محفوظ بنانے کے لیے بیٹری اسٹوریج کو آسان بنانے اور مقامی سطح پر معیاری بیٹریوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل کوارڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (NCMC) روزانہ کی بنیاد پر توانائی کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور گیس و تیل کی مقامی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

گرڈ سطح پر بیٹری اسٹوریج کے لیے دو تجرباتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ گھریلو سطح پر شمسی توانائی استعمال کرنے والوں کو بھی بیٹری اسٹوریج اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کر کے توانائی کے شعبے میں جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔