وزیرِ اعظم انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات
آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے, شہباز شریف کی گفتگو
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے دونوں نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے خلا بازوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ شبانہ روز محنت کے باعث انہوں نے یہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی تعاون سے یہ خلائی سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔
چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کا تعاون دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور دونوں ممالک ستاروں تک رسائی کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے خلائی تحقیق میں دوطرفہ تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر خلا بازوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے خلاء میں تحقیق کے فرائض انجام دینا ان کیلئے باعث عزت اور منفرد اعزاز ہے، اور وہ اپنی محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔